کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز روانگی کی تفصیلات جاری

June 14, 2021

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز روانگی کی تفصیلات جاری کردیں۔

پی سی بی کے مطابق قومی اسکواڈ کے ارکان 20 جون کو لاہور میں بائیو سیکیور ببل جوائن کریں گے، ارکان کی پہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ 16 جون کو ان کے گھروں میں ہو گی، ہوٹل پہنچنے پر ان تمام ارکان کی دوسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی جائے گی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ ارکان کی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ 23 جون کو لاہور کےہوٹل میں کی جائے گی، یہ تمام ارکان 25 جون تک لاہور کے ہوٹل میں روم آئسولیشن میں رہیں گے، قومی اسکواڈ 25 جون کو لاہور سے براستہ یو اے ای انگلینڈ روانہ ہوگا۔

پی ایس ایل 6 میں شریک اسکواڈ ارکان یو اے ای سے اسکواڈ کو جوائن کریں گے، قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں تین دن روم آئسولیشن میں رہے گی، اگلے سات روز قومی کرکٹرز ڈربی کی آئسولیشن میں ٹریننگ کریں گے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز 8 جولائی سے ہوگا، انگلینڈ سیریز کے بعد قومی کھلاڑی 15 جولائی کو وطن واپس لوٹیں گے، قومی کرکٹ ٹیم 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچے گی، قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی 26 جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچیں گے۔

ویسٹ انڈیزسےٹی ٹوٹی سیریز کے بعد قومی ٹی ٹونٹی کرکٹرز وطن واپس آ جائیں گے، قومی ٹیسٹ اسکواڈ ویسٹ انڈیز کا دورہ مکمل کرنے کے بعد 25 اگست کو وطن آئے گا۔