حکومت نے ڈکٹیٹڈ بجٹ پیش کیا، راجہ پرویز اشرف

June 14, 2021

پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کاکہنا ہے کہ بجٹ ملک کا آئینہ ہوتا ہے، حکومت تو ڈکٹیٹڈ بجٹ پیش کر رہی ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے اپنے ایک بیان میںکہا کہ آئی ایم ایف سارے معاملات میں اثر انداز ہو رہا ہے، یہ تیسرا بجٹ ہے، مہنگائی کہاں پہنچ گئی، قوت خرید ختم ہو چکی ہے،دس فیصد تنخواہوں میں اضافے سے سرکاری ملازمین کو کوئی افاقہ نہیں ملا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ یہ عوام دشمن بجٹ ہے پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں تنخواہوں میں 125 فیصد اضافہ کیا تھا،یہ 20ہزار تنخواہ والے کا بجٹ بنا کر دکھائیں۔

انہوں نے کہاکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہونے کے اثرات عام آدمی تک نہیں پہنچے، بڑی تعداد میں بیروزگاروں کی فوج تیار ہو چکی ہے، یہ کہتے تھے بیروزگاری کا خاتمہ ہو جائے گا مگر عملی صورتحال کیا ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ یہ ابھی تک گالم گلوچ کر رہے ہیں اپوزیشن کے سوالوں کا جواب نہیں ہےملک کے قرضے کئی گنا بڑھ رہے ہیں حکمران ہر روز جھوٹ بولتے ہیں۔