حکومت عوام دوست بجٹ لائی ہے، قائد ایوان سینیٹ شہزاد وسیم

June 14, 2021

قائد ایوان سینیٹ ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ حکومت عوام دوست بجٹ لائی ہے، ہم کورونا وائرس کے خلاف بہتر حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھے۔

سینیٹ اجلاس سے خطاب میں شہزاد وسیم نے کہاکہ 90 کی دہائی میں 4 حکومتیں بدلیں اور پاکستان 4 مرتبہ آئی ایم ایف کے پاس گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ 99 میں ملک کو دیوالیہ کرکے چھوڑ کر گئے، میں پوچھتا ہوں 2008ء میں انہیں کیسا پاکستان ملا تھا؟

قائد ایوان سینیٹ نے مزید کہا کہ 2008ء میں پاکستان سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت تھی، اُس وقت ہم درست معاشی سمت میں جا رہے تھے۔

اُن کا کہنا تھاکہ اس وقت پی آئی اے اور اسٹیل ملز منافع میں تھی، اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں کی حکومتیں آئیں اور انہوں نے معاشی ترقی کو لپیٹ دیا۔

ڈاکٹر شہزاد وسیم نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے دور میں آپ آئی ایم ایف کے پاس گئے، آپ 2018 میں تباہ حال ملک اور خالی خزانہ چھوڑ کر گئے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں ہمیں جانا پڑا، وہ مشکل فیصلہ تھا اس کے باوجود ہم کورونا کے خلاف بہتر حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھے۔