برسلز: پاکستانی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے کے لئے تقریب

June 14, 2021

برسلز میں سفارت خانہ پاکستان نے ملک کی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے کے لئے پاکستان ہاؤس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں لاکھوں آن لائن فالوورز پر مشتمل سوشل میڈیا بلاگرز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر بیلجیم، لکسمبرگ اور یورپی یونین کیلئے پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے اپنے استقبالیہ کلمات میں پاکستان میں سیاحت اور سیاحتی مقامات کی ترقی کے لئے حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی بیک پیکر سوسائٹی، فوربس اور کونڈے نسٹ ٹریولر نے پاکستان کو دنیا کی سرفہرست سیاحتی منزل قرار دیا ہے۔

سفیر پاکستان نے سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم ہماری روزمرہ کی زندگی کا ایک لازمی عنصر بن چکے ہیں۔ پاکستان میں لوگ ثقافت، ادب، موسیقی، فلموں، سیاست، تعلیم، صحت اور سیاحت سمیت زندگی کے تمام پہلوؤں پر اپنے نقطہ نظر کو شیئر کرنے کے لئے سوشل میڈیا فورمز کو فعال طور پر استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سوشل میڈیا کے ذریعے اطلاعات تک رسائی، شفافیت اور شہریوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے بھی اس کا استعمال کر رہی ہے۔ سفیر پاکستان نے اس موقع پر شرکاء کو پاکستان کا دورہ کرکے ملک کی دلکش خوبصورتی، ثقافتی تنوع اور پاکستانیوں کی مہمان نوازی دیکھنے کی دعوت بھی دی۔

تقریب میں شرکاء کیلئے پاکستانی کھانے اور ثقافت کے تعارف کے علاوہ روایتی چوڑیوں اور مہندی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ جس پر مہمانوں نے اس تعارفی تقریب کے انعقاد کو ان کی زندگی کا اہم تجربہ قرار دیتے ہوئے پاکستانی ثقافت اور کھانوں کو بےحد سراہا۔