دعا ہے حجاب کی عزت کرسکوں اور لے سکوں، حمائمہ ملک

June 15, 2021

کراچی (این این آئی)پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکارہ حمائمہ ملک نے کہا ہے کہ ان کی دعا ہے کہ وہ حجاب کی عزت کرسکیں اور اسے لے سکیں۔ دعا ملک نے بتایا کہ انہیں حجاب لیتے ہوئے 2 سال کا عرصہ ہو چکا ہے۔حجاب لینے کی وجوہات سے متعلق دعا ملک نے کہا کہ بس آپ کو رہنمائی حاصل ہوجاتی ہے اور پھر ظاہر بھی بدلا اور باطن بھی بدل گیا۔اداکار فیروز خان اور دعا ملک کے صوفی ازم کی جانب راغب ہونے سے متعلق حمائمہ ملک نے کہا کہ دعا اور فیروز خان کو مرشد ملے ،جنہوں نے اصلاحی تربیت کی اور اب دونوں اسی راہ پر چل رہے ہیں۔حمائمہ ملک نے کہا کہ مجھے ڈاکٹر جاوید بطور مرشد ملے، جس کے بعد میری زندگی میں بڑی تبدیلیاں آئیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر جاوید سے ملاقات کے بعد مجھ میں ٹھہراؤ آیا، روحانی طور پر بہت زیادہ تبدیلیاں رونما ہوئیں۔حمائمہ ملک نے مزید کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مجھے اتنا جذبہ اور اتنی طاقت دے کہ زندگی کے چند فیصلے کرنے کے بعد ایک مقام پر پہنچوں، جہاں میں حجاب کی عزت کرسکوں اور حجاب لے سکوں ،یعنی وہ لائف اسٹائل اپناسکوں۔ دعا ملک نے کہا کہ پاکستانی انڈسٹری میں جب سے نئی کھیپ آئی ہے تو کچھ لوگ بدظن ہوئے کیونکہ نئے آنے والوں نے انگریزی اور کپڑوں کی بنیاد پر اپنی رائے پیش کر کے موازنہ کیا۔خیال رہے کہ حمائمہ ملک ماضی میں بھی حجاب لینے کی خواہش کا اظہار کرچکی ہیں۔رواں برس مارچ میں ایک انسٹاگرام اسٹوری شیئر کرتے ہوئے انہوں نے تحفے میں اسکارف دینے پر نور بخاری کا شکریہ ادا کیا تھا۔