شاعر و مزاح نگار ابن انشاء کا 94واں یوم پیدائش آج منایا جائیگا

June 15, 2021

اسلام آباد ( آن لائن ) اردو ادب کے عظیم شاعر و مزاح نگار ابن انشاء کا 94 واں یوم پیدائش آج منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ملک بھر کے ادبی حلقوں میں ابن انشاء کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ابن انشاء جن کا اصل نام شیر محمد خان تھا 15 جون 1927 ء کو جالندھر میں پیدا ہوئے ،وہ اپنی ذات میں ایک انجمن تھے، وہ بیک وقت صحافی،شاعر،افسانہ نگار،کالم نگار اور سفر نامہ نگارتھے۔ انہیں ان کی معروف غزل ’’ انشاء جی اٹھو اب کوچ کرو ‘‘ نے شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ابن انشاء ملک کے معروف اخبارات و جرائد میں کالم لکھتے رہے ہیں، بطور شاعر ان کے متعدد مجموعے ’’ دل وحشی ‘‘ ’’ چاند نگر ‘‘ اور ’’ اس بستی کے کوچے میں ‘‘ شائع ہو چکے ہیں۔ ابن انشاء نے یونیسکو کے مشیر کی حیثیت سے مختلف یورپی و ایشیائی ممالک کے تفصیلی دورے کیے۔ جن کے احوال انہوں نے اپنے سفر ناموں ’’ ابن بطوطہ کے تعاقب میں ‘‘چلتے ہو تو چین کو چلیے ‘‘ ’’ دنیا گول ہے ‘‘ ’’ نگری نگری پھرا مسافر ‘‘ اور ’’ آوارہ گرد کی ڈائری ‘‘ میں اپنے مخصوص طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں تحریر کیا۔ابن انشاء کے کالموں اور خطوط کے مجموعوں پر مشتمل کتب ’’ خمار گندم ‘‘ ’’ اردو کی آخری کتاب ‘‘ اور ’’ خط انشاء جی کے ‘‘ قارئین میں بے پناہ پزیرائی حاصل کر چکی ہیں۔ابن انشاء 11 جنوری 1978 ء کو لندن میں انتقال کر گئے انہیں کراچی میں دفن کیا گیا ہے۔