آپ بوڑھے اداکار کے ساتھ انتہائی خوفناک لگتی ہیں، کمال خان کا دشا پٹانی کو مشورہ

June 15, 2021

ممبئی (این این آئی)بولی وڈ فلموں کے ناقد و اداکار کمال راشد خان المعروف کے آر کے نے سلمان خان کو ’بڈھا اداکار‘قرار دے دیا۔سلمان خان کی فلم ’رادھے‘کی ریلیز کے بعد سے شروع ہونے والا تنازع اب تک تھم نہیں سکا جب کہ اس حوالے سے قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔عدالت میں درخواست ہونے کے باوجود اب ایک بار پھر کمال راشد خان نے سلمان خان پر تنقید کی ہے۔کے آر کے نے اداکارہ دشا پٹانی کی سالگرہ پر انہیں ٹوئٹ کرکے مبارکباد دی ،لیکن ساتھ میں سلمان پر طنز بھی کیا۔کمال راشد خان نے سلمان کا نام لیے بغیر اداکارہ کو مشورہ دیا کہ آپ بوڑھے اداکار کے ساتھ انتہائی خوفناک لگتی ہیں، اسی لئے برائے مہربانی صرف ٹائیگر شروف کے ساتھ کام کیا کریں۔خیال رہے کہ سلمان خان کے ساتھ دشا پٹانی نے حال ہی میں فلم ʼرادھےʼ میں مرکزی کردار ادا کیا ہے جبکہ اسی فلم پر کمال راشد خان کے ریویو کے بعد سے تنازع جاری ہے۔