قومی ٹیم میں دوسرا کم بیک، مسئلے حل ہونے کی یقین دہانی، عامر نے ’’ہاں‘‘ کردی

June 15, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) محمد عامر نے ’’ہاں ‘‘ کردی۔ ایسا لگ رہا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر اچھی کارکردگی دکھاکر پاکستانی ٹیم میں دوسری بار کم بیک کرسکتے ہیں۔ محمد عامر کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے سی ای او وسیم خان دو مرتبہ میرے گھر آئے، میرے لیے یہ بہت عزت کی بات تھی، ماضی میں کبھی ایسا نہیں ہوا، میں نے اپنے مسائل رکھے اور نکات پیش کیے جس پر انہوں نے بھرپور معاونت کا اظہار کیا۔ محمد عامر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہوتی، مسائل حل ہوئے تو قومی ٹیم کا حصہ بننے کے لیے تیار ہوں۔ ایک یو ٹیوب چینل کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وسیم خان نے تمام خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، پہلی بار ہوا کہ بورڈ نے کھلاڑی کے مسائل سننے میں سنجیدگی دکھائی، خود سے زیادہ ہمیشہ پاکستان کا سوچتا ہوں۔واضح رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں محمد عامر نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان کے لئے وائٹ بال کھیلنا چاہتا تھا، مگر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی بات پر ٹارچر کیا گیا۔اس وقت ٹیم مینجمنٹ میں موجود بعض افراد نے میرے فیصلے کی منفی عکاسی کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پی ایس ایل کو سلیکشن کیلیے بنیادی حیثیت دے دی گئی ہے جو غلط ہے۔ ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ جذباتی نہیں سوچ سمجھ کر کیا تھا۔ ٹیم مینجمنٹ نے لوگوں کے دماغ میں ڈالا میں ملک سے کھیلنا نہیں چاہتا، موجودہ مینجمنٹ پیچھے ہی پڑ گئی ، بار بار الزام لگایا کہ لیگ کے لیے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑی ہے۔ سابق کرکٹرز 2010 کی غلطی کو جواز بنا پر مجھ پر تنقید کرتے ہیں۔ میں نے سزا کاٹی اور معافی بھی مانگی اس کے بعد کم بیک کیا لیکن میرا ماضی مجھے یاد دلایا جاتا ہے۔ کچھ لوگ ٹی وی پر بیٹھ کر کہتے ہیں عامر نے کوئی احسان نہیں کیا، میںمانتا ہوںکوئی احسان نہیں کیا احسان اللہ کا ہوتا ہے۔