ویکسین سے متعلق پروپیگنڈے پر قانون سازی کررہے ہیں، ناصر حسین شاہ

June 15, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے حکومت کی پوری کوشش ہے کہ سندھ بھر میں کورونا ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جائے ،سندھ حکومت کے ملازمین کو بھی ویکسین لگانے کے لئے پابند کیا گیا ہے ، ویکسین کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے قانون سازی کی جا رہی ہے، کے ایم سی کے پانچ اسپتالوں میں ویکسی نیشن سینٹر فعال کردیئے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سرفراز رفیقی شہید اسپتال میں قائم کئے گئے کورونا ویکسی نیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سیکریٹری بلدیات نجم شاہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد ودیگر موجود تھے، قبل ازیں سید ناصر حسین شاہ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر کورونا ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کیا اور ویکسی نیشن کے لئے فراہم کی گئیں سہولتوں کا جائزہ لیا۔