نظام کی تبدیلی کیلئے سطحی اقدامات بے سود ہیں، الطاف شاہد

June 15, 2021

لندن (پ ر) پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدرچوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ فرسودہ نظام کے بوجھ سے ریاست ناکام ہوئی۔اس نظام کے ہوتے ہوئے عوام شریک اقتداراوران کے معیارزندگی بلندنہیں ہوسکتا۔سیاسی وآئینی ڈیڈلاک سے نجات کیلئے گرینڈقومی ڈائیلاگ ناگزیر ہے۔نظام کی تبدیلی کیلئے دوررس اصلاحات کے بغیر سطحی اقدامات بے سود ہیں۔فرض کریں تبدیلی سرکار نے نیا پاکستان بنادیا ہے توپھرنیاپاکستان پرانے نظام کے ساتھ نہیں چل سکتا۔اصلاحات کیلئے پاکستان کی زیرک اورانتھک سیاسی قیادت سیّد مصطفی کمال کے تجربات اورمشاہدات سے فائدہ اٹھایاجاسکتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ سیاسی وانتظامی طورپریتیم ہے کیونکہ منصب مرادعلی شاہ کے پاس ہے لیکن ان کے آئینی اختیارات بلاول ہاؤس میں بیٹھے چندناپسندیدہ عناصراستعمال کررہے ہیں ۔ ہوشربا مہنگائی نے عوام کابچاکچھاخون بھی چوس لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اورہنرمندبیروزگار نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس ہورہے ہیں ،انہیں ریاست کی تعمیروترقی کیلئے اپنا کرداراداکرنے دیاجائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اوراپوزیشن عام آدمی کودرپیش چیلنجز کا علم نہیں رکھتی،عوام کے ووٹ سے اقتدارمیں آنیوالے آج ووٹرز کااستحصال کررہے ہیں۔حکمرانوں اوران کے خاموش اتحادی اپوزیشن قائدین نے اب تک محض پوائنٹ سکورنگ اوربلیم گیم کر نے کے سوا کچھ نہیں کیا جبکہ پی ایس پی واحد جماعت ہے جس کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفی کمال اوران کے رفقاءکارشروع دن سے عوامی ایشوز کی سیاست کررہے ہیں ۔