آلودگی کے خاتمہ کیلئے ایڈنبرا سٹی سینٹر میں پرانی کاروں کا داخلہ بند کرنے کی تیاری

June 15, 2021

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرا کے سٹی سینٹر کے پرانی کاروں کا داخلہ بند کیا جارہا ہے، تاکہ وہاں ماحولیاتی آلودگی کو کم کیا جاسکے۔ ایسی تمام کاریں جو ماحولیاتی آلودگی کے معیار یورو امیشن اسٹینڈرڈ Euro Emission Standardپر پورا نہ اتریں گی، اگلے سال موسم بہار کے بعد وہ سٹی سینٹر میں داخل نہ ہوسکیں گی۔ خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں پر60پاؤنڈ جرمانہ کیا جائے گا۔ مسلسل خلاف ورزی کرنے پر یہ420پونڈ کی حد تک بڑھایا جاسکتا ہے، جبکہ بڑی لاریوں پر جرمانہ 900پونڈ تک ہوگا۔ اس پابندی کی زد میں زیادہ تر ستمبر2015ء سے پہلے کی ڈیزل کاریں جبکہ2006ء سے پہلے کی پٹرول کاریں آئیں گی، بسوں اور بڑی لاریوں پر بھی یہ قانون نافذ ہوگا۔ سٹی سینٹر میں داخل ہوتے ہی آٹومیٹک کیمرے ان کی تصاویر محفوظ کرلیں گے اور ان کو پینلٹی ٹکٹ بھی دیے جائیں گے، صرف ایڈنبرا میں رجسٹرڈ کی گئی16ہزار گاڑیاں اس نئے قانون سے متاثر ہوں گی، فی الحال لوگوں کو اس قانون سے پوری طرح متعارف کرانے تک2024ء سے قبل جرمانے نہیں کیے جائیں گے۔