پاکستان سوشل میڈیا کے ذریعے پیغام رسانی یقینی بنانا چاہتا ہے، ظہیراے جنجوعہ

June 15, 2021

برسلز( عظیم ڈار/انیب راشد)سفارتخانہ پاکستان برسلز لگسمبرگ و یورپی یونین نے پاکستان کی ثقافت اور سیاحت کی صلاحیت کو فروغ دینے کے لئے پاکستان ہاؤس میں ایک تقریب کی میزبانی کی۔آن لائن فالوورز پر مشتمل سوشل میڈیا بلاگرز کی ایک بڑی کثیر تعداد نے استقبالیہ میں شرکت کی۔ بلجیم ، لکسمبرگ اور یوروپی یونین میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے اپنے استقبالیہ کلمات میں پاکستان میں سیاحت اور سیاحتی مقامات کی ترقی کے لئے حکومت کی کوششوں پر مفصل روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی بیک پیکر سوسائٹی ، فوربس اور کونڈے نسٹ ٹریولرز نے پاکستان کو سیاحتی منزل قرار دیتے ہوئےپاکستان کے قدرتی حسن کو دلکش قرار دیاہے۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے سماجی اور ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارمز ہماری روزمرہ کی زندگی کا ایک لازمی جز بن چکے ہیں۔انھوں نے پاکستان میں لوک ثقافت ، ادب ، موسیقی ، فلموں ، سیاست ، تعلیم ، صحت اور سیاحت سمیت زندگی کے تمام پہلوؤں پر اپنے نقطہ نظر کو بیان کرتے ہوئے سوشل میڈیا فورمز کی آفادیت کو موجودہ دور کی ضرورت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت سوشل میڈیا کے ذریعے پیغام رسانی اور شہریوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی شرکاء کو پاکستان کا دورہ کرکے ملک کی دلکش خوبصورتی ، ثقافتی تنوع اور پاکستان کی مہمان نوازی کی دعوت بھی دی۔تقریب میں پاکستانی کھانے اور ثقافت کے تعارف کے علاوہ روایتی چوڑیوں اور مہندی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ مہمانوں نے تقریب کے انعقاد اور پاکستانی ثقافت اور کھانوں کو بےحد پسند کیا اور سفارتخانہ پاکستان برسلز کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔