اسٹیل مل انتظامیہ کی تین تجاویز

June 15, 2021

کراچی (اسد ابن حسن) پاکستان اسٹیل مل کی نئی انتظامیہ نے ادارے سے باہم کاروبار کرنے والی پارٹیوں اور ڈیلروں کے واجبات ادا کرنے کیلئے انوکھا طریقہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے تین طریقہ کار تیار کیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر کے اسٹاف آفیسر محمد خان نے ایک مراسلہ تمام پارٹیوں کو روانہ کیا ہے جس میں واجبات حاصل کرنے کیلئے تین شرائط رکھی گئی ہیں۔ نمبر ایک، پارٹی اپنے واجبات کے برابر پاکستان اسٹیل مل کے متفرق میٹریل کو خرید کر بلا ادائیگی اپنے واجبات کی رقم وصول کرے۔ نمبر دو، خیرسگالی کے طور پر اگر کوئی پارٹی اپنے واجب الادا بقایاجات میں سے متفقہ طور پر کچھ رقم اسٹیل مل کے موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے منہا کرکے دو سے تین ماہ کے اندر اپنی رقم وصول کرنا چاہے تو اس کو بھی زیرعمل لائے جانے کی کوشش کی جائے گی۔ نمبر تین، پارٹی اپنے واجبات کی رقم اسٹیل مل انتظامیہ کے طے کردہ طریقہ کار کے مطابق اقساط میں وصول کرلے۔ یہ سرکلر اور شرائط اس لیے تحریر کی گئی ہیں کہ اس تاثر کو غلط ثابت کیا جاسکے کہ انتظامیہ کے افسران کو رشوت دیئے بغیر پاکستان اسٹیل مل سے واجب الادا رقم وصول کرنا ناممکن ہے۔