لوڈشیڈنگ کی وجہ ڈسکوز کا کوٹے سے کم بجلی حاصل کرنا ہے، نیپرا

June 15, 2021

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) نیپرا کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ ڈسکوز کا کوٹے سے کم بجلی حاصل کرنا ہے۔ گزشتہ 7 برس میں 347 ارب روپے خرچ کرنے کے باوجود ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن خسارہ کم نہیں ہوا ہے۔ نیپرا نے اسی وجہ سے اس رقم کا آڈٹ کروانے کی سفارش کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، نیپرا کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ بجلی کی کمی نہیں بلکہ ڈسکوز کی جانب سے اپنے کوٹے اور لوڈ طلب سے کم بجلی حاصل کرنا ہے، جس کی وجہ سے 3 سے 20 گھنٹے کی یومیہ لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ 10 ڈسکوز نے گزشتہ 7 برس میں 347.435 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے، تاکہ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن (ٹی اینڈ ڈی) خسارہ کم ہوسکے، اس کے باوجود وہ 1 فیصد سے بھی کم یعنی 0.9 فیصد خسارہ کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ نیپرا نے تجویز دی ہے کہ 347.435 ارب روپے کا آڈٹ کروایا جائے تاکہ معلوم ہو کہ یہ رقم کہاں لگائی گئی ہے اور اس سے مطلوبہ نتائج کیوں حاصل نہیں ہوسکے۔