نامعلوم مسافر نے امیزون کے بانی کے ہمراہ خلاء کا سفر کرنے کیلئے چار ارب روپے سے زائد کا ٹکٹ خرید لیا

June 15, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) ایک نامعلوم مہم جوُ نے 2؍ کروڑ برطانوی پائونڈز (4؍ ارب 39؍ کروڑ 58؍ لاکھ 88؍ ہزار روپے) کی ادائیگی کرکے امیزون کمپنی کے بانی جیف بیزوس کے ہمراہ خلا میں جانے کیلئے خلائی جہاز کا ٹکٹ خرید لیا ہے۔ اس نامعلوم خلائی سیاح کی شناخت جلد ہی سامنے لائی جائے گی۔ خلائی جہاز کے ٹکٹ کی فروخت کیلئے ہفتہ کے روز نیلامی ہوئی تھی جس میں عوام کو پیشکش کی گئی تھی کہ وہ بلیو اوریجن راکٹ کمپنی کے ذریعے جیف بیزوس کے ہمراہ خلاء کی سیر کیلئے جا سکتے ہیں۔ اس خلائی جہاز میں چار افراد سفر کریں گے جن میں جیف بیزوس، ان کے بھائی مارک، نیلامی میں بولی جیتنے والا نامعلوم سیاح اور ایک اور شخص ہوگا جس کا اعلان نہیں کیا گیا۔ مجموعی طور پر یہ 11؍ منٹ کی پرواز ہوگی جس میں مسافر 3؍ منٹ کیلئے خود کو بے وزن محسوس کر پائیں گے۔ یہ خلائی جہاز چاروں مسافروں کو لیکر زمین سے 62؍ میل اوپر جائے گا۔ یہ وہ حد ہے جسے زمین کے ماحول اور بیرونی خلاء کی سرحد سمجھا جاتا ہے، تاہم ناسا کے مطابق یہ حد زمین سے اوپر 62؍ نہیں بلکہ 50؍ میل ہے۔ یہ خلائی جہاز 20؍ جولائی کو اپنا سفر شروع کرے گا، اِس دن اپالو 11؍ کے چاند پر اترنے کی 52ویں سالگرہ ہے۔ بلیو اوریجن کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ چوتھا مسافر کون ہوگا تاہم غالب گمان ہے کہ یہ بلیو اوریجن کا ملازم ہی ہوگا۔ کمپنی کے مطابق، نیلامی میں 159؍ ممالک سے مختلف افراد نے دلچسپی کا اظہار کیا، جلد کامیاب شخص کی شناخت کا اعلان کیا جائے گا۔ بھری ہوئی جیبوں کے علاوہ، خلائی سیاح کیلئے لازمی ہے کہ وہ قد میں پانچ سے ساڑھے 6؍ فٹ کے درمیان ہو۔