چوری کی 3 وارداتیں، ملزم 138 تولے طلائی زیورات،ملکی و غیرملکی کرنسی اور بانڈز لے اڑے

June 15, 2021

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 13موٹرسائیکلوں ،بھاری مالیت کے طلائی زیورات ،موبائل فونز اورنقدی سے محروم ہوگئے ۔ تھانہ سول لائن کو عشرت عزیز ملک سکنہ عسکری اپارٹمنٹس نے بتایاکہ چور میرے گھر کے تالے توڑ کر 96 تولہ وزنی طلائی زیورات مالیتی 21 کروڑ 72لاکھ3200 سوروپے،کیش 37 لاکھ روپے ، امریکی ڈالرز 40 ہزار،دوایل ای ڈی ، پسٹل 22 بور ،روم کولر ، لیپ ٹاپ اورسپیکرز چوری کرکے لے گئے۔ تھانہ ویسٹریج کو زرین اختر نے بتایا کہ نامعلوم چور میرے گھر کے تالے توڑ کر تین لاکھ روپے، طلائی زیورات 30 تولے اورانعامی بانڈ زمالیتی 65ہزارروپےچوری کر کے لے گئے۔ تھانہ مورگاہ کو امتیاز قیوم خان نے بتایاکہ نامعلوم چور میرے گھر کے تالے توڑ کر گھر سے 60ہزارروپے اور 12تولے وزنی طلائی زیورات چوری کرکے لے گئے۔تھانہ ویسٹریج کے علاقہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے راہنما کے مکان سے نامعلوم چور دوائرکنڈیشنڈ اوردیگرسامان مالیتی دو لاکھ چوری کرکے لے گئے۔ اسلحہ کی نوک پر ڈکیتی کے واقعات تھانہ پیرودھائی،تھانہ نصیرآباد، تھانہ ٹیکسلا، تھانہ واہ کینٹ،تھانہ نیوٹاؤن،تھانہ کینٹ،تھانہ سول لائن نے لاکھوں کی نقدی، 22 موبائل ودیگر سامان لوٹنے، چوری کے واقعات تھانہ سٹی،تھانہ نیوٹاؤن ،تھانہ کینٹ،تھانہ ویسٹریج، تھانہ سول لائن،تھانہ ائرپورٹ،تھانہ مورگاہ،تھانہ صدرواہ،تھانہ صدربیرونی نےکرنسی، متعدد موبائل، لیپ ٹاپ، 30 تولے اورانعامی بانڈ ز ودیگر اشیاء اڑانے، دریں اثناء تھانہ رمنا نے نقدی ،زیورات اور گھڑیاں مالیت 5 لاکھ روپے چھیننے ،تھانہ آئی نائن اور سبزی منڈی نے چیک ڈس آنر کے مقدمات درج کر لیے ۔