ن لیگ آئندہ الیکشن میں مرکز،صوبوں میں حکومت بنائیگی،راناثناء

June 15, 2021

لاہور ( نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن )پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے سینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے جتنے بھی سنیئر لوگ ہیں وہ پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی ہمیشہ مشاورت ، رہنمائی اور سرپرستی کی ضرورت ہوتی ہے جس سے پارٹی کو ایک قوت اور طاقت ملتی ہے، پارٹی قائد میاں نواز شریف اور پارٹی صدر میاں شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) آگے بڑھے گی اورآئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) تمام صوبوں اور مرکز میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے تمام عہدیداران اور ورکرز ، مرکز سے لے کر صوبائی ضلعی ، تحصیل اور نچلی سطح تک کی تمام تنظیمیں الیکشن کی بھرپور تیاری کریں ۔ سینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ جعفر آباد فیملی کا اوڑھنا بچھونا ہے ، اچھے اور برے وقتوں میں ہماری فیملی کا پارٹی کے لیے بھرپور کردار رہا ہے اور آئندہ بھی ایک مثالی کردار رہے گا۔