ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں، افتخار احمد

June 15, 2021

اسلام آباد یونائیٹڈ کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے افتخاراحمد کا کہنا ہے کہ کوچ اور کپتان کی ہدایت اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں۔

گزشتہ روز ابوظہبی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔

اسلام آباد کی فتحمیں اہم کردار ادا کرنے والے افتخاراحمد نے میچ کے بعد بات کرتے ہوئے کہاکہ بطور پروفیشنل کھلاڑی کسی بھی نمبر پر کھیلنا پڑ سکتا ہے جس کے لیے تیار رہتا ہوں۔

دوسری جانب کراچی کنگز کے قائد عماد وسیم کا کہنا ہے کہ کیچز چھوڑیں گے تو ہم میچ جیت نہیں سکتے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب ابوظہبی میں کھیلے گئے پی ایس ایل سیزن 6 کے 22 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کے بعد کنگز نے یونائیٹڈ کو جیت کے لئے 191 رنز کا ہدف دیا ۔

کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم نے 54 گیندوں پر 81 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جس میں تین چھکے اور سات چوکے شامل تھے جبکہ وقاص مقصود اور عباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈکی جانب سے کولن منرو اور افتخار احمد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 191 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

میچ میں کولن منرو اور افتخار احمد ناقابل شکست رہے، منرو نے 56 گیندوں پر 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 88 رنز بنائے، جبکہ افتخار احمد نے برق رفتار 71 رنز بنائے ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

میچ کے دوران کراچی کنگز کے فاسٹ بولر محمد عامر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے باز افتخار احمد کے درمیان گرما گرمی دیکھنے میں آئی۔

اس صورتحال پر میچ کے بعد اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہیٹ آف دی مومنٹ تھا ، دونوں کھلاڑی آپس میں بہت اچھے دوست ہیں ۔