سندھ: سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 20 فیصد اضافہ، مزدور کی کم از کم اجرت 25 ہزار مقرر

June 15, 2021

سندھ میں آئندہ مالی سال 22-2021 کے بجٹ میں مزدور طبقے کی کم از کم اجرت 25 ہزار روپے مقرر کردی گئی جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بھی 20 فیصد اضافہ کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے منگل کو صوبائی اسمبلی کے فلور پر 329 ارب 30 کروڑ 3 لاکھ روپے کے ترقیاتی پورٹ فولیو کے ساتھ 14 سو 77 ارب 90 کروڑ روپے کے خسارے کا بجٹ پیش کیا۔

اس دوران انھوں نے بتایا کہ ہم ملازمین کی تنخواہوں میں بنیادی تنخواہ کا 20 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کارکردگی اس کے ملازمین کی کارکردگی سے تعلق رکھتی ہے، حکومت سندھ ہر ملازم کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مزدور طبقہ کی فلاح و بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے مزدور کی کم سے کم اجرت 17500 روپے سے بڑھا کر 25000 روپے ماہانہ کرنے کی تجویز ہے۔

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ کل تنخواہ اور کم سے کم تنخواہ یعنی 25000 روپے کے فرق کو کم کرنے کے لیے سندھ حکومت کے گریڈ ایک سے پانچ تک کے ملازمین کے لیے ایک پرسنل الاؤنس کی بھی تجویز ہے۔

وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ نئے مالی سال میں حکومت سندھ کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 10فیصد اضافہ تجویز کی جاتی ہے۔