پی ایس ایل 6: گلیڈی ایٹرز کا قلندرز کو جیت کے لیے 159 رنز کا ہدف

June 15, 2021

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 23ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 159 رنز کا ہدف دے دیا۔

ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیک ویدرآلڈ نے 48 اور اعظم خان نے 33 رنز بنائے جبکہ کپتان سرفراز احمد نے 34 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

قلندرز کی جانب سے جیمز فولکنر ایک مرتبہ پھر 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے، جبکہ محمد حفیظ اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ لی۔

دونوں ٹیمیں اپنے گزشتہ میچز میں شکست کا سامنا کرچکی ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز کی ٹیم دوسرے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آخری نمبر پر ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کپتان سرفراز احمد، جیک ویدرآلڈ، عثمان خان، کیمرون ڈیلپورٹ، اعظم خان، محمد نواز، حسان خان، ظاہر خان، ظہور خان، محمد حسنین اور خرم شہزاد پر مشتمل ہے۔

اسی طرح لاہور قلندرز کی ٹیم میں کپتان سہیل اختر، فخر زمان، زیشان اشرف، محمد حفیظ، بینک ڈنک، ٹم ڈیوڈ، جیمز فولکنر، راشد خان، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔