آصف زرداری ریفرنسز کی کراچی منتقلی کا معاملہ، نیب نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا

June 15, 2021

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر آصف علی زرداری کے ریفرنسز کی کراچی منتقلی کے معاملے میں سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا ہے۔

سپریم کورٹ میں آصف علی زرداری کی نیب ریفرنسز اسلام آباد سے کراچی منتقلی کی درخواست کے معاملے میں پیشرفت سامنے آئی ہے۔

نیب نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ وہ آصف علی زرداری کی ریفرنسز اسلام آباد سے کراچی منتقلی کی درخواست خارج کرے۔

نیب نےسپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے جواب میں موقف اختیار کیا کہ آصف زرداری کی ریفرنس منتقلی کی درخواست نا قابل سماعت ہے۔

جواب میں نیب نے مزید کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست خارج ہوچکی ہے۔

نیب نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے جعلی اکاونٹس کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دیا، عدالت عظمیٰ کا حکم نہ بھی ہو تب بھی چیئرمین نیب کے پاس ریفرنس دائر کرنے کا اختیار ہے۔

نیب نے جواب میں کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کیسز میں سندھ حکومت کے وزراء، وزیر اعلیٰ اور سرکاری حکام کے نام ہیں، جعلی اکاؤنٹس کیسز میں بینکرز اور کاروباری افراد کے نام بھی شامل ہیں۔

نیب نے موقف اختیار کیا کہ یہ مقدمات اسلام آباد سے کراچی منتقل ہوگئے تو پراسیکیوشن کے گواہوں پر دباؤ ڈالا جائے گا۔

یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے 4 ریفرنس اسلام آباد سے کراچی منتقل کرنے کی درخواست کررکھی ہے۔