پی ایس پی نے منافرت کا سومنات پاش پاش کردیا، الطاف شاہد

June 16, 2021

لندن( پ ر ) پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدرچوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین اورشہرقائدؒ کے معمار سیّد مصطفی کمال کی قیادت میں ہماری جماعت نے منافرت کاسومنات پاش پاش کردیا ۔کسی جماعت کوسیاست کی آڑ میں ریاست کے اندرریاست بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔پیپلزپارٹی والے اپنے منافقانہ طرزسیاست سے ریاست کی وحدت اورسا لمیت پرحملے کررہے ہیں۔قومی یکجہتی کے علمبردار کی حیثیت سے سیّد مصطفی کمال ہم وطنوں کوصوبائیت کے زہرسے بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ سیّد مصطفی کمال سے بہترکوئی پاکستانیت اورمعاشرت کی ترجمانی نہیں کرسکتا، سرمایہ دارانہ نظام مزدوروں اورکسانوں کے خون پرپل رہا ہے،پی ایس پی کے سربراہ سیّد مصطفی کمال عوامی انقلاب کے داعی ہیں۔ہمارے ملک میں مزدورطبقہ سب سے زیادہ قابل رحم ہے،خدارامزدوروں کوان کی محنت ومشقت کابھرپور معاوضہ دیا جائے۔ قائد ؒ کے بعدجوبھی اقتدارمیں آیا اس نے مزدوروں اورکسانوںسے ان کاحق چھینا جبکہ سرمایہ دارشرافیہ کو مختلف مراعات سے نوازا ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی آنیاں جانیاں اورکہانیاں محروم طبقات کی بحالی کیلئے کافی نہیں،ٹھوس اقدامات کی اشدضرورت ہے۔ سرمایہ دارمزدوروں کے دوست نہیں بلکہ بدترین دشمن ہیں،مزدوروں کوزندہ رکھنا سرمایہ داروں کی مجبوری ہے ورنہ ان کے کارخانوں کی چمنیاں بندہوجاتیں۔مزدوروں کے کندھوں پرپاؤں رکھ کربلندیاں چھونے والی پوش اشرافیہ نے معاشرے کودوطبقات کی بنیادپر تقسیم کرکے قومی یکجہتی کی دھجیاں بکھیردیں۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ داروں کے نزیک مزدور اورمحنت کش اچھوت کی طرح ہیں جوکسی صورت ان کی برابری پرنہیں بیٹھ سکتے ۔ نفرت اورنفاق نے ہمارے معاشرے کابیڑاغرق کردیا ،طبقاتی تقسیم ختم کئے بغیر کوئی ملک شاہراہ ترقی پرگامزن نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کے قائدین اورکارکنان اپنے مزدوراورکسان بھائیوں کے حقوق کی بازیابی کیلئے سردھڑکی بازی لگادیں گے۔