مائیکروسافٹ 2025ء میں ونڈوز 10؍ کیلئے سپورٹ بند کر دے گی

June 16, 2021

نیویارک /کراچی (نیوز ڈیسک) مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2025ء کے آخر تک آپریٹنگ سسٹم ’’ونڈوز 10‘‘ کیلئے صارفین کیلئے معاونت بند کر دے گا۔ اس سے قبل کمپنی کہہ چکی تھی کہ ونڈوز 10، ونڈوز سیریز کا آخری آپریٹنگ سسٹم ہوگا۔ اگرچہ کمپنی نے پہلے مختلف اعلانات کر رکھے تھے لیکن اب ونڈوز کے حوالے سے جو اعلان کیا گیا ہے وہ غیر متوقع ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، مائیکروسافٹ کی طرف سے 24؍ جون کو ایک نیا اعلان بھی کیا جانا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ ونڈوز 10؍ کیلئے سروسز بند کرنے کے بعد آئندہ دنوں میں یہ نیا اعلان ممکنہ طور پر ونڈوز کے نئے ورژن (شاید ونڈوز 11) کے متعلق ہو سکتا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مائیکروسافٹ کی جانب سے یہ اقدام کیوں کیا گیا ہے اور صارفین کی ایک بڑی تعداد اس حوالے سے قیاس آرائیاں بھی کر رہی ہے لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ ونڈوز 10؍ کیلئے جاری کیے جانے والے اپ ڈیٹس بہت بڑے ہوتے ہیں جو صارفین کیلئے تکلیف کا باعث ہے، جبکہ آپریٹنگ سسٹم کے مستحکم ہونے کے حوالے سے بھی شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مائیکروسافٹ نے اپنے منصوبہ جات میں تبدیلی کی ہے کیونکہ صارفین کی ایک بڑی تعداد گھروں میں بیٹھ کر کام کر رہی ہے جبکہ تفریح کیلئے بھی گھروں پر ہی کمپیوٹرز استعمال کیے جا رہے ہیں۔