اکشے نے فلم کے معاوضہ میں کمی سے متعلق خبروں کو مسترد کردیا

June 16, 2021

ممبئی (این این آئی)بولی وڈ سپر اسٹار اکشے کمار نے کورونا کے سبب فلم میں کام کرنے کے معاوضے میں کمی سے متعلق خبروں کو مسترد کردیا۔ایک بھارتی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ اکشے کی آئندہ آنے والی فلم ʼبیل بوٹمʼ کے پروڈیوسر واشو بھگنانی سمیت دیگر فلم سازوں نے اداکار سے کورونا وبا کے باعث فلم کا معاوضہ کم لینے کی درخواست کی تھی۔بھارتی ویب سائٹ کی ٹوئٹ کے مطابق فلم بیل بوٹم کے پروڈیوسر واشو بھگنانی کی جانب سے معاوضہ کم کرنے کی درخواست پر اکشے نے معاوضے میں 30 کروڑ کمی کی تھی۔تاہم اداکار اکشے کمار نے ویب سائٹ کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اس خبر کو جھوٹا کہا۔دوسری جانب واشو بھگنانی نے بھی خبر کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ واضح رہے کہ سپر اسٹار اکشے کمار کی جاسوس ایکشن تھرلر فلم بیل بوٹم کو رواں سال پیش کیا جانا تھا لیکن کووڈ کے باعث فلم کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوگئی۔ بیل بوٹم میں اکشے کے ہمراہ وانی کپور، لارا دتا اور ہما قریشی سمیت دیگر اداکار دکھائی دیں گے۔