زیادہ تر اداکار پیسے بنانے اور کمانے کی ترغیب دیتے ہیں، کومل عزیز

June 16, 2021

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ کومل عزیز نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی پرورش کپڑوں کے دو جوڑوں کے ساتھ ہوئی مگر آج وہ کپڑوں کے برانڈ کی مالک ہیں۔ اداکارہ نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے زندگی میں بہت ساری مشکلات کا سامنا کیا، کیوں کہ وہ والد کے جلد فوت ہوجانے اور بغیر بھائی کے پدرشاہی نظام میں پلی بڑھیں۔اداکارہ نے کہا کہ بہت ساری مشکلات جھیلنے اور غربت کی وجہ سے اچھی تعلیم نہ حاصل کرپانے کے باوجود کامیابی حاصل کرنے کی وجہ سے وہ مضبوط بنیں۔کومل عزیز خان نے کہا کہ وہ کسی بھی پاکستانی اداکار سے متاثر نہیں ہیں، کیوں کہ زیادہ تر اداکار پیسے بنانے اور کمانے کی ترغیب دیتے ہیں۔اداکارہ نے کہا کہ وہ عبدالستار ایدھی اور ادیب رضوی جیسی انسانیت کی خدمت کرنے والی شخصیات سے متاثر ہیں، جو دکھاوے کے بغیر فلاحی کام کرتے ہیں۔کومل عزیز خان نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اعلیٰتعلیم حاصل کریں اور کوشش کرکے بہت زیادہ انٹرن شپس کے ذریعےتجربہ حاصل کریں۔ اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ15 برس کی عمر میں انہوں نے کاروبار کی تربیت لینا شروع کی تھی اور محض 18 سال کی عمر میں سونے میں سرمایہ کاری شروع کی۔ اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان سمیت امریکا سے بھی بزنس کی تعلیم حاصل کی اور بزنس کے موضوع پربہت ساری کتابیں بھی پڑھیں اور کاروبار کرنا ان کا سب سے بڑا جذبہ (پیشن) ہے۔کومل عزیز خان نے نوجوان لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ انہیں تعلیم اور تربیت حاصل کرنے کے بعد پہلے مالی طور پر خود مختار ہونا چاہیے، جس کے بعد وہ اپنی جسمانی اور ذہنی صحت کا بھی خیال رکھیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے بزنس و اکنامکس میں بیچلر کیا ہے جب کہ ان کی بہن ڈاکٹر ہیں اور وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کے خاندان نے ان کے جہیز کے بجائے ان کی تعلیم پر خرچ کیا۔