عثمان خالد کا نفرت انگیز تبصرے کرنیوالوں کو بلاک کرنے کا انتباہ

June 16, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف فلمی و ٹی وی اداکار عثمان خالد بٹ نے سوشل میڈیا صارفین کومتنبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ٹائم لائن پر نفرت انگیز تبصرے کرنے والوں کو بلاک کردیں گے۔سماجی رابطوں کی ویب سائِٹ ٹوئٹر پر عثمان نے لکھا کہ آپ کی نسل پرستی اور تعصب کیلئے میرے پاس کوئی برداشت نہیں ۔ اگر آپ بامقصد باتیں نہیں کرسکتے اوراپنے جوابات یا تذکرے میں زہراگلتے ہیں تو میں آپ کو بلاک کردوں گا۔عثمان خالد بٹ نے اس ٹویٹ میں کسی کو ٹیگ نہیں کیا اس لیے یہ واضح نہیں کہ ان کی یہ ناراضگی کسی خاص پوسٹ کیلئے تھی یا پھر وہ سوشل میڈیا صارفین کو پیشگی وارننگ جاری کررہے تھے۔اس سے قبل ہانیہ عامر اور عاشر وجاہت کی ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، بیشتر سوشل میڈیا صارفین نے بعد ازاں عاصم اور ہانیہ کے درمیان حالیہ ان ڈائریکٹ جملے بازی کے تناظرمیں سوالات اٹھاتے ہوئے اداکارہ کو ٹرول کیا۔ شوبز سیلیبرٹیز بھی اس معاملے پر منقسم نظرآئیں اور اپنی رائے کا اظہار کیا۔بعد ازاں ہانیہ نے طویل پوسٹ میں معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ” آخری مرتبہ سب کے سامنے حقائق رکھ رہی ہوں، یہ کسی سے لفظی جنگ نہیں، نہ ہی اصل بحث یہ ہے کہ کسی سابقہ بوائے فرینڈ سے بحث کو طُول دی جائے۔میری تمام تر شکایت انٹرنیٹ پر ہراساں کیے جانے کی ہے، کسی بھی عورت کو یوں ہراساں کرنا کسی معاشرے میں قابلِ قبول نہیں ہے”۔