سپر لیگ، عثمان اور خرم نے قلندرز کے اوسان خطا کردیئے، گلیڈی ایٹرز کی فتح

June 16, 2021

سپر لیگ، عثمان اور خرم نے قلندرز کے اوسان خطا کردیئے، گلیڈی ایٹرز کی فتح

ابوظبی(جنگ نیوز) پاکستان سپر لیگ میں سرفراز احمد کی قیادت میں سابق چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو دلچسپ مقابلےمیں18رنز سے ہراکر امید کی ہلکی کرن کو روشن کر لیا لیکن اس کی منزل ابھی دور ہے۔ عثمان شنواری اور خرم شہزاد نے قلندرز کے اوسان خطا کردیے۔ کوئٹہ اگر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی نہیں بھی کرتی تو دوسری ٹیموں کے لئے مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔32 رنز کے عوض حریف ٹیم کے کپتان سہیل اختر سمیت تین اہم کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے پر عثمان شنواری کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ یہ یہاں ان کا پہلا میچ تھا۔ لاہور قلندرز چار دن پہلے پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست تھی لیکن دو مسلسل میچ ہارنے کے بعد اس کی پوزیشن متاثر ہوئی ہے لیکن وہ دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔ کوئٹہ نے ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی حاصل کی۔ اس نے آٹھ میچوں میں سے چھ ہارے ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخر میں ہے۔ قلندرز کی بیٹنگ لائن نے مایوس کن کارکردگی دکھائی، اس نے آٹھ میں سے پانچ میچ جیتے اور تین ہارے ہیں۔ منگل کی شب ابوظبی میں 159 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔