اپوزیشن کے بجٹ منظور نہ ہونے کے خواب دیکھنے پر پابندی نہیں،گورنر پنجاب

June 16, 2021

لاہور، ٹوبہ ٹیک سنگھ،کمالیہ(نمائندہ خصوصی، نمائندہ جنگ،نامہ نگار)گورنرپنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی بجٹ کی منظوری میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ۔اپوزیشن کے بجٹ منظور نہ ہونے کے خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں۔پنجاب آب پا ک اتھارٹی کے 5ارب سے زائد کے منصوبوں پر کام شروع ہوچکا ہے ۔موجودہ حکومت تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں پر بھر پور توجہ دے رہی ہے ۔وہ گزشتہ روز ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ دیگر دیہات ‘زرعی یونیورسٹی فیصل ٹوبہ ٹیک سنگھ کیمپس میں سولر سسٹم کے افتتاح کے موقعہ پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن کا وفاق اور پنجاب میں بجٹ کی منظوری میں رکاوٹیں ڈالنا عوام دشمنی کے مترادف ہوگا ۔ اُنہوں نے کہا کہ کر پشن کے خاتمے اور اداروں میںاصلاحات کے لیے موجودہ حکومت نے جو اقدامات کیے ہیں انکی ماضی میں کوئی اور مثال نہیں ملتی ۔مزید برآںگورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کی کمالیہ میں خانقاہ معصومیہ پر آمد۔ مخدوم طارق محمود الحسن کے بچوں کی تیسری برسی کی تقریب میں شرکت کی۔ خانقاہ پر دعائے مغفرت کی اور مرحومین کیلئے بلندی درجات کی دعا بھی کی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ پی ٹی آئی ملک کے عوام کو غربت سے نکالنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ پوری دنیا کیلئے کورونا وائرس سے نپٹنا اور صحت کی سہولیات عوام کو پہنچانا ایک چیلنج تھا۔ جبکہ پاکستان کو صحت کے میدان سمیت معاشی میدان میں بھی چیلنج کا سامنا تھا۔ عمران خان نے نہایت دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مکمل لاک ڈاؤن کی بجائے سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا۔ جبکہ اس وقت مخالفین عمران خان کو طرح طرح کی باتیں سنا رہے تھے اور مکمل لاک ڈاؤن کے مشورے دے رہے تھے۔ لیکن آج پوری دنیا عمران خان کی اس حکمت عملی کی معترف ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے عمران خان کی قیادت میں دونوں چیلنجز کا مقابلہ کیا اور آج ہماری ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور دوسری جانب کورونا وائرس کے خاتمہ کی جانب بھی بڑھ رہے ہیں۔ حالیہ بجٹ ملکی تاریخ کا واحد ایسا بجٹ ہے جس میں غریب عوام کو ترجیح دی گئی ہے۔ گذشتہ سالوں میں حکومت کو معاشی میدان میں بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا۔ جس کی وجہ سے ماضی میں حکومت نے سخت فیصلہ جات کیے اور آج ان فیصلوں کے نتائج ہمارے سامنے ہیں کہ ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔ تمام معاشی ماہرین حکومت کے حالیہ بجٹ کو تعمیر وترقی کا بجٹ قرار دے رہے ہیں۔ اس بجٹ سے ملکی معیشت میں مزید تیزی آئے گی اور ہر طقبہ کو ریلیف بھی ملے گا۔حکومت کی اولین ترجیح عوام کی خدمت اور عوامی مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنا ہے اور حکومت اسی پر عمل پیرا ہے۔