بلوچستان کے نوجوانوں کو حقوق دیکر ترقی وخوشحالی میں شامل کیا جائے، زبیرگوندل

June 16, 2021

کوئٹہ(پ ر) جماعت اسلامی یوتھ کے صدر زبیر احمدگوندل اور بلوچستان کے صدر نورالدین غلزئی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو منظم کرکے بلوچستان میں زیادتیوں ناانصافی اور ظلم وجبر کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، بلوچستان کے نوجوان باشعور ملک وملت اور اسلام سے محبت کرنے والے ہیں انہیں ان کے حقوق دیکر ترقی وخوشحالی کے سفرمیں شامل کرنے کی ضرورت ہے، بدقسمتی سے بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار تعلیم وکھیل کی سہولیات میسر نہیں ۔ نوجوان اگر پینے کا پانی گھروالوں کے علاج ومعاش کیلئے پریشان ہواور کھیل کے بجائے منشیات کے اڈے آبادہوں توترقی کیسے ممکن ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹریٹ الفلاح ہاؤ کوئٹہ میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی ،جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ ودیگر ذمہ داران سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کو آبادکرنے کیلئے نوجوانوں کے مسائل پر توجہ دینا ہوگی۔ منشیات کے اڈے آباد کرنے کے بجائے تعلیمی ادارے اور کھیل کے میدان آباد کرنا ہوں گے ،حکمرانوں کی عدم توجہی کی وجہ سے بلوچستان پسماندہ ہے حالانکہ وسائل سے مالاما ل ہے لیکن اپنوں وپرائیوں کے ظلم وزیادتی اور بدعنوانی کی وجہ سے کسی کو انصاف میسر نہیں ،روزگاربرائے فروخت ،منشیات عام ہونے کی وجہ سے بلوچستان کے نوجوان احساس محرومی ،پریشانی ومسائل کا شکار ہیں ۔جے آئی یوتھ منظم تعلیمافتہ نوجوانوں کا اسلامی قافلہ ہے جس نے ہر مشکل میں عوام کی مددانہیں ریلیف پہنچانے کیساتھ ہر ظلم وجبرکے خلاف موقع پر آوازبلند کی ہے۔ جماعت اسلامی کی ٹائیگر فورس اسلامی جمعیت طلباء ،جمعیت طلباء عربیہ اورجے آئی یوتھ کے نوجوانوں نے تعلیم ،تربیت ومدد کیساتھ ہر مصیبت وپریشانی میں قوم کے دکھ دردمیں ساتھ دیا منکرات کے خاتمہ ،معروف کو عام کرنے اورعدل وانصاف کی اسلامی حکومت کیلئے نوجوانوں طلباء اور مدارس کے طلباء وعلماء کرام کواسلامی جمعیت طلباء،جمعیت طباء عربیہ کا ساتھ دینا ہوگا ۔