اے سی کو ٹیکس نادہندگان کی گرفتاری کے اختیارات دینے پر اظہارتشویش

June 16, 2021

پشاور(لیڈی رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر محمد زاہدشاہ نے بجٹ دستاویز میں سیکشن 203اے کے تحت ایف بی آر کے اسسٹنٹ کمشنر کو ٹیکس نادہندگان کی گرفتاری کے اختیارات دینے پربزنس کمیونٹی کی جانب سے تشویش اظہارکرتے ہوئے وفاقی حکومت اور وزیرخزانہ شوکت ترین سے اس متنازعہ سیکشن واپس لینے پر زور دیاہے۔ وزیر خزانہ نے متنازعہ سیکشن کا جائزہ لے کر مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی تھی لیکن اس کے باوجود ایف بی آر کے اسسٹنٹ کمشنر کو ٹیکس نادہندگان کو گرفتاری کے کے ناجائز اختیارات استعمال کررہی ہے۔ محمد زاہد شاہ نے معاملہ وزیرخرانہ شوکت ترین اور ایف بی آر چیئرمین سے اٹھانے کا اعلان کردیاہے جبکہ بزنس کمیونٹی کو ایف بی آر کے اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے بے جا چھاپے مارنے کی صورت میں ایف پی سی سی آئی کی قیادت کوفوری طور پر آگاہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وباء کی وجہ سے ویسے بھی بزنس کمیونٹی کی مشکلات بڑھ گئی ہے اورکاروبار بند ہونے کے باوجود ٹیکس ناہندگان کی گرفتاری بزنس کمیونٹی کے ساتھ ظلم ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بزنس کمیونٹی کے ساتھ کورونا لاک ڈائون کے دوران کئے گئے وعدے ایفا کرے اور بجٹ دستاویز میں سیکشن 203اے جیسے متنازعہ سیکشن پرگرفتاریوں سے باز رہیں۔انہوں نے کہاکہ بزنس کمیونٹی کو حکومت سہولیات دیں تو ٹیکس دینے سے کوئی بھی کاروباری شخصیت جان خلاصی نہیں کرے گی۔