لاہور کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، عثمان بزدار

June 16, 2021

پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لاہور پاکستان کا دل اور معاشی سرگرمیوں کا اہم مرکز ہےجس کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔

اپنےایک بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ ان کی حکومت نے لاہورکے ترقیاتی منصوبوں کیلئے تقریباً28 ارب روپے مختص کیے ہیں، شہر میں انفرا اسٹرکچر کے میگا پراجیکٹس شروع کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کی ضروریات کے مطابق منصوبے بنائے گئے ہیں، شاہکام چوک، گلاب دیوی اسپتال انڈرپاس اور شیرانوالاگیٹ اوورہیڈ کے منصوبوں کی تکمیل سے آمدورفت کی بہترسہولتیں میسر آئیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں پانی کی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایاجائے گا، اس منصوبے کیلئے آئندہ مالی سال میں ایک ارب 50کروڑ روپے رکھے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت لاہورمیں ایک ہزار بستروں پر مشتمل جدید ترین اسپتا ل بنائے گی۔