نون لیگ اپنا آخری بجٹ آج آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پیش کریگی

June 16, 2021

آزاد کشمیر میں حکمران جماعت مسلم لیگ نون اپنا آخری بجٹ قانون ساز اسمبلی میں پیش کرے گی، آزاد کشمیر کے نئے مالی سال کے بجٹ کا حجم 141 اعشاریہ 4 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔

حکمران جماعت مسلم لیگ نون اپنا آخری بجٹ قانون ساز اسمبلی میں آج پیش کرے گی، ذرائع کے مطابق بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کیلئے 28ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے جس میں اس سال 14 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔

بجٹ میں سب سےزیادہ 10 ارب روپے ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونی کیشن سیکٹر کیلئے مختص کیے جانے کی تجویز ہے، ڈھائی ارب روپے کا کیپٹل ڈویژنل ڈویلپمنٹ پیکیج کا منصوبہ متعارف کروایا جا رہا ہے جس کے تحت مظفرآباد، راولاکوٹ اور میرپور شہر کو ماڈل سٹی بنایا جائے گا ۔

آئندہ بجٹ میں وزیراعظم کمیونٹی انفرا اسٹرکچر پروگرام کے فنڈز میں 50 فیصدکمی کی گئی ہے ، بجٹ میں مظفرآباد کےاندر 200 بستر کا اسپتال اور ٹراما سینٹر کے قیام کے لئے فنڈز مختص کر دیئے گئے ہیں۔

سیاحت کے فروغ کے لئے ٹور ازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا، بجلی کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے 22 میگا واٹ کے جاگراں فور منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا۔