عتیقہ اوڈھو ایکٹرز کلیکٹو ٹرسٹ کی چیئرپرسن منتخب

June 16, 2021

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو اداکاروں کے حقوق کے تحفظ اور پاکستانی انٹرٹینمینٹ انڈسٹری کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرنے کے لیے ایکٹرز کلیکٹو ٹرسٹ کی چیئرپرسن منتخب ہوگئیں۔

ادارے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اس حوالے سے اپنے بیان میں لکھا کہ ’ہم اے سی ٹی میں، اپنی نو منتخب چیئرپرسن، نمایاں اداکارہ عتیقہ اوڈھو کا استقبال کرتے ہیں۔‘


بیان میں ادارے نے اداکارہ کی انڈسٹری کے لیے خدمات کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’عتیقہ پہلے ہی ہماری انڈسٹری کی بہتری کے لیے پردے کے پیچھے بہت سارے کام کر چکی ہے، ان کا حالیہ کارنامہ اے سی ٹی کے تمام ممبروں کے لیے کم لاگت والا میڈیکل اور ہیلتھ انشورنس کا حصول ہے۔‘

دوسری جانب اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ ایکٹرز کلیکٹو ٹرسٹ کی چیئرپرسن منتخب ہوکر اپنے آپ کو خوش قسمت محسوس کررہی ہیں۔‘


اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے جسے میں وقار اور عزم کے ساتھ ادا کروں گی۔‘

ایکٹرز کلیکٹو ٹرسٹ کی چیئرپرسن منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کرنے پر انہوں نے ادارے کا شکریہ بھی ادا کیا۔