مزاروں پر جوتے، واش رومز کیلئے پیسے لینے سے روک دیا گیا

June 16, 2021

لاہور ہائیکورٹ نے اوقاف کے زیر انتظام مزاروں پر جوتے، پارکنگ اور واش رومز کیلئے پیسے لینے سے روک دیا۔

مزارات میں زائرین سے جوتے رکھنے ، واش روم استعمال پر پیسے وصول کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس قاسم خان نے کہا کہ تمام مزارات سے چندہ کی رقم کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں، رپورٹ کہاں ہے؟ واش روم پر بندہ بٹھا دیتے ہیں، کس قانون کے تحت ایسا کرتے ہیں۔

چیف جسٹس نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ جو لوگ پانچ وقت نماز پڑھنے آتے ہیں ، ان سے بھی پیسے لیتے ہیں، کوئی واش روم جاتا ہے تو اس سے بھی پیسے لیِے جاتے ہیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ وقف پراپرٹی کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کے مزار پر داخلے پر پابندی لگا دیں، دربار نہیں سنبھال سکتے تو واپس کر دیں، گولڑہ شریف والے خود انتظام کرتے ہیں وہ تو واش روم کے پیسے نہیں لیتے۔

سیکریٹری اوقاف نے کہا کہ ہم نے آمدن کی تفصیل فراہم کردی ہے، سروس بہتر بنانے کے لیے آؤٹ سورس کیا تھا۔

چیف جسٹس قاسم خان نے کہا کہ یہ آپ کی نالائقی ہے، میں ایران گیا تھا وہاں سامان اور جوتے رکھنے کا ایک دھیلا بھی نہیں لیتے، حرمین شریفین میں بھی جوتی پر ٹیکس نہیں ہے۔

عدالت نے اوقاف کے زیر انتظام مزاروں پر جوتیاں رکھنے، پارکنگ اور واش رومز کیلئے پیسے لینے سے روک دیا۔

چیف جسٹس قاسم خان نے ہدایت کی کہ جوتوں، واش روم اور پارکنگ پر کوئی پیسے وصول نہیں کئے جائیں گے، اگر حکم پر عمل نہ ہوا تو سیکریٹری کی جیب سے پیسے جائیں گے۔

چیف جسٹس نے پندرہ دن میں اس حکم پر عمل کرکے رپورٹ جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔