عمیر وقار مردوں سے دوستی کیوں نہیں کرتے؟

June 16, 2021

پاکستان کے معروف ہیئر اسٹائلسٹ اور میک اپ آرٹسٹ عمیر وقار نے حال ہی میں بہت سے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے اس راز سے بھی پردہ اٹھایا ہے کہ وہ مردوں سے دوستی کیوں نہیں رکھتے ہیں۔

عمیر وقار کی جانب سے گزشتہ شام ‘Ask me a question’ سیشن کا آغاز کیا گیا، سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اُن کی جانب سے یہ اسٹوری لگانا ہی تھا کہ عمیر وقار کے ہزاروں فالوورز کی جانب سے فوراً سوالوں کا تانتا بندھ گیا۔

عمیر وقار نے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ اُن کی پسندیدہ ماڈل عائزہ خان ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’وہ بہت ساری ماڈلز کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور اُن سب میں عاجزی اور انکساری رکھنے والی ماڈل عائزہ خان، مومل شیخ، صبور علی اور کبریٰ خان ہیں۔

عمیر وقار سے سوال پوچھا گیا کہ اُنہیں آج تک سب سے برے رویئے والی اداکارہ کونسی لگی ہیں ؟ جس کا جواب دیتے ہوئے عمیر وقار کا کہنا تھا کہ ثناء جاوید بدتمیز اداکارہ ہیں، انہوں نے اپنے مداحوں کو مشورہ دیا کہ ٹی وی پر نظر آنے والی ہر چیز پر یقین نہ کر لیا کریں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عمیر وقار کا کہنا تھا کہ وہ اداکارہ صبا قمر اور اقراء عزیز کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔

اس سیشن کے دوران ایک انسٹا گرام صارف کی جانب سے لکھا گیا کہ ’مردوں سے دوستی کر لو۔‘

اس کا جواب دیتے ہوئے عمیر وقار کا کہنا تھا کہ ’مردوں سے دوستی کرنے کا فائدہ نہیں، مرد صرف یہی بولتے رہتے ہیں کہ بچی سے ملوا دو۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ مرد اُن کے کبھی وفادار دوست نہیں رہے ہیں ، اسی لیے وہ صرف خواتین کو دوست بناتے ہیں۔