کیریئر میں جدوجہد کے دن کبھی نہیں بھول سکتا: فلک شبیر

June 16, 2021

پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار فلک شبیر نے کہا ہے کہ وہ اُن دنوں کو کبھی نہیں بھول سکتے، جب اُنہوں نے اپنے کیرئیر کے لیے خوب جدوجہد کی تھی۔

حال ہی میں فلک شبیر نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ نئی تصویریں پوسٹ کیں جن میں وہ ہمیشہ کی طرح مُسکرا رہے ہیں۔


فلک کی پوسٹ پر جہاں اُن کے مداحوں نے تبصرے کرتے ہوئے گلوکار کے لُکس کی تعریفیں کیں تو وہیں ایک مداح نے فلک شبیر کو ماضی یاد دلا دیا۔

صارف نے فلک شبیر کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں آپ کو اُس وقت سے دیکھ رہی ہوں، جب آپ بطور گٹارسٹ کام کرتے تھے۔‘

انسٹا صارف نے لکھا کہ ’آپ نے بہت محنت کی ہے، آپ اسی طرح چمکتے رہیں اور کامیاب ہوتے رہیں۔‘

صارف کے کمنٹ پر ردّعمل دیتے ہوئے فلک شبیر نے لکھا کہ ’میں اپنے کیرئیر کے وہ دن کبھی نہیں بھول سکتا کہ جب میں نے جدوجہد کی تھی۔‘

فلک شبیر نے کہا کہ ’میں آج جو کچھ بھی ہوں اپنی اُسی جدوجہد اور محنت کی وجہ سے ہوں لہٰذا میں کبھی وہ وقت نہیں بھول سکتا۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ سال 17 جولائی کو اداکارہ سارہ خان اور نامور گلوکار فلک شبیر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شوبز انڈسٹری کی اس جوڑی کو 2020ء کی بہترین جوڑی قرار دیا گیا تھا۔

سارہ خان سے شادی کے بعد ہی فلک شبیر کی سوشل میڈیا پر مقبولیت میں کافی حد تک اضافہ دیکھنے کو ملا۔