پاک آذربائیجان دوستانہ مراسم کو مزید تقویت دینا چاہتے ہیں، اکبر ایوب خان

June 17, 2021

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی، پارلیمانی امور و انسانی حقوق اکبر ایوب خان نے پاکستان اورآذر بائیجان کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انکی صوبائی حکومت ان دوستانہ مراسم کو مزید تقویت دینے کی خواہش مند ہے۔ خواہش ہے دونوں قوموں کی ترقی اور باہمی ہم آہنگی کو دوام بخش سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اپنی سیاحتی کشش کی عالمی پذیرائی کیلئے بھی آذر بائیجان حکومت کے تعاون کی خواہاں ہے اور اپنے تاریخی، مذہبی اور ماحولیاتی اہمیت کے حامل سیاحتی مقامات سے بھرپور صوبے کو دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے کھولنے میں آذربائجان کے تجربات سے بھی مستفید ہونا چاہتے ہیں وہ یونیورسٹی ٹاؤن کلب پشاور میں آذر بائیجان کے سفیرعلی علیزادہ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر بلدیات اور آذر سفیر نے یونیورسٹی ٹاؤن میں نظامی گنجوای لین کے تزئین و آرائش کام کا افتتاح کیا جو دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کے فروغ کیلئے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ پشاور کی جانب سے آذربائجان کے اس قومی شاعر اور فلسفی سے منسوب کیا گیا ہے تقریب سے صوبائی وزیر اور آذر سفیر کے علاؤہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل میاں شفیق الرحمن اور ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک سٹڈیز اسلام آباد محمد آصف نور نے بھی خطاب کیا ۔