سپر لیگ، بولرز کی درگت بن گئی، میچ میں 427 رنز کا ریکارڈ، ہائی وولٹیج میچ میں یونائیٹڈ کامیاب

June 18, 2021

ابوظبی (جنگ نیوز) عثمان خواجہ کو کپتانی راس آگئی۔ شاداب خان کی جگہ کپتان بنتے ہی انہوں نے سنچری داغ دی۔جمعرات کو ابوظبی میں بولرز کی درگت بن گئی، ہائی وولٹیج میچ میں یونائیٹڈ بازی لے گئی۔ پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں ایک میچ میں سب زیادہ427 رنز بننے کا ریکارڈبن گیا ۔ چوکوں چھکوں کی بارش والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 15رنز سے شکست دے دی۔ جمعرات کی شب ابوظی میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹ پر 247 رنز کا پہاڑ کھڑاکردیا۔ اس نے پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بناکر اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔ یونائیٹڈ نے اس سے قبل 2019 میں لاہور قلندرز کے خلاف 238 رنز کراچی میں بنائے تھے۔ کپتان عثمان خواجہ نے ناقابل شکست سنچری بنائی ۔ انہوں نے 105 رنز اسکور کیے۔ یہ ان کی تیسری ٹی ٹوئنٹی اور پی ایس ایل کی پہلی سنچری ہے۔ ان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ 248 رنز کے جواب میں ناکام ٹیم 6 وکٹ پر 232 رنز بنائے۔ زلمی کی پہلی وکٹ اننگز کی پہلی ہی گیند پر گر گئی۔ عاکف جاوید نے حضرت اللہ زازئی کو آؤٹ کردیا ۔ امام الحق بھی 7 رنز بنا کرعاکف کا دوسرا شکار بنے۔ شعیب ملک اور کامران اکمل نے تیزی سے 53 رنزجوڑ کر میچ دلچسپ بنادیا ۔ کامران اکمل 32 گیندوں پر 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 53 اور شعیب ملک 36 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس دوران شیرفین ردر فورڈ نے اسپنر ظفر گوہر کو ایک ہی اوور میں 4 چھکے جڑ کر سنسنی پھیلا دی۔ اس اوور میں 30 رنز بنے۔ تاہم اگلے ہی اوور میں حسن علی نے انہیں آؤٹ کردیا۔ وہ 8 گیندوں پر 29 رنز بناسکے ۔ زلمی کو جیت کے لیے آخری 2 اوورز میں 38 رنز درکار تھے۔ لیکن وہاب ریاض اور عمید آصف 15 رنز قبل ہمت ہارگئے۔ وہاب ریاض 28 اور عمید آصف 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ عاکف جاوید نے 43 رنز کے عوض 3 ، حسین طلعت نے 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کربولنگ کا فیصلہ کیا ۔ یونائیٹڈ نے 2 وکٹ پر 247 رنز بنائے۔ عثمان خواجہ نے 56 گیندوں پر 187.50 کے اسٹرائیک ریٹ سے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس میں 3 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔ اوپنرز عثمان خواجہ اور کولن منرو نے ٹیم کو 98 رنز کا طوفانی آغاز فراہم کیا۔ منرو 28 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔