رونالڈو کی ایک حرکت، سافٹ ڈرنک کمپنی کے سوا6 کھرب روپے ڈوب گئے

June 18, 2021

کراچی (نیوزڈیسک )دنیا کے مشہور فٹبالر رونالڈو کی ایک حرکت سے بڑی سافٹ ڈرنک کمپنی کو 4 ارب ڈالر(6 کھرب 25 ارب 80 کروڑ پاکستانی روپے)کا نقصان ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو آج کل یوروکپ میں اپنی قومی ٹیم پرتگال کی نمائندگی کر رہے ہیں۔تو واقعہ کچھ یوں پیش آیا کہ منگل کو ہنگری کے خلاف ایک گروپ میچ سے قبل انھوں نے ایک پریس کانفرنس میں آتے ہی اپنے سامنے رکھی اس سافٹ ڈرنک کی دو بوتلوں کو اٹھا کر ایک طرف رکھ دیا۔پھر انھوں نے پانی کی بوتل اٹھائی اور اسے لہرایا اور پرتگالی زبان میں لفظ ’ایگوا‘ کہا جس کے معنی ہیں ’پانی‘، یعنی بظاہر وہ سافٹ ڈرنک پر پانی کو ترجیح دینے کا اشارہ دے رہے تھے۔یہ ویڈیو سامنے آتے ہی دنیا بھر میں شائقین اس پر طرح طرح کے تبصروں میں مصروف تھے مگر جلد ہی صورتحال اس وقت بدل گئی جب معیشت پر رپورٹ کرنے والے جریدوں نے مشروب کے شیئرز میں گراوٹ کی خبر دی۔