پارلیمنٹ میں شور شرابے کا زیادہ نقصان حکومت کو ہوا،تجزیہ کار

June 18, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال مریم نواز سے منسلک ن لیگ کا گروہ چاہتا ہے کہ ہنگامہ آرائی ہو، شفقت محمود،سوچی سمجھی کوشش کے تحت پارلیمنٹ کو بے توقیر کیا جارہا ہے، رانا ثناء ﷲ، کس کا موقف درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں شور شرابے اور گالم گلوچ کا زیادہ نقصان حکومت کو ہوا ،اپوزیشن نے وزیرخزانہ کی تقریر کے دوران بغیر کسی جواز کے ہنگامہ آرائی کی، مظہر عباس نے کہا کہ حکومت اپوزیشن میں آج کی پیشرفت کے بعد شفقت محمود اور رانا ثناء ﷲ دونوں کا موقف غلط ثابت ہوگیا، حکومت اور اپوزیشن دونوں کو احساس ہوگیا ہے کہ پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی سے سیاستدان بحیثیت مجموعی بدنام ہورہے ہیں، اپوزیشن نے وزیرخزانہ کی تقریر کے دوران بغیر کسی جواز کے ہنگامہ آرائی کی، اگر اپوزیشن وزیراعظم اور وزیرخزانہ کو بات نہیں کرنے دے گی تو یہ کیسے ممکن ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو بات کرنے دی جائے۔محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی سے متعلق رانا ثناء ﷲ کا موقف درست ہے، پارلیمنٹ میں شور شرابے اور گالم گلوچ کا زیادہ نقصان حکومت کو ہوا ہے، حکومت اور اپوزیشن پارلیمنٹرینز کی طوفان بدتمیزی میں بعد بجٹ کہیں دب گیا ہے۔