بلاول بتائیں این ایف سی کے 1600 ارب کہاں استعمال ہوئے؟ فرخ حبیب

June 18, 2021

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بجٹ کے جھوٹے اعدادوشمار بتانا بلاول کا شیوہ بن چکا ہے ، عوام آپ کی اصلیت جان چکے ہیں،نئے مالی سال میں براہ راست نیا ٹیکس نہیں لگایا، عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا گیا ہے، بلاول بتائیں این ایف سی کے 1600 ارب کہاں استعمال ہوئے؟ سندھ کے عوام کو ذخیرہ اندوزوں،گراں فروشوں کے رحم و کرم پر کیوں چھوڑ دیا ؟ ۔جمعرات کو بلاول زرداری کے بیان پر اپنے ردعمل میں فرخ حبیب نے کہا کہ پہلی مرتبہ 40 سے 60 لاکھ خاندانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے 5لاکھ روپے کے بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیں، اس اقدام سے تقریبا اڑھائی کروڑ لوگ معاشی طور پر مستحکم ہوں گے، بلاول بتائیں کہ این ایف سی سے ملنے والے 1600 ارب سے زائد کے فنڈزکہاں استعمال ہوئے؟ مہنگائی کا واویلا کرنے والے بلاول بتائیں سندھ کے عوام کو ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے رحم و کرم پر کیوں چھوڑ دیا ؟ کراچی اور سندھ کے عوام کو گرانفروش مافیا کے ہاتھوں کتنے میں فروخت کیا۔انہوں نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ اور لوٹ مار بلاول زرداری کی شناخت بن چکی ہے۔