عوام وزیراعلیٰ شکایت پورٹل پر براہ راست اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں ،صوبائی سیکرٹری سائنس

June 18, 2021

کوئٹہ (خ ن)صوبائی سیکرٹری سا ئنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رو شن علی شیخ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی خصوصی ہدایت پر وزیراعلیٰ بلوچستان شکایت پورٹل کا قیام عمل میں لایا گیا جس سے عوام براہ راست کسی بھی سرکاری محکمے اور سرکاری افسر کے خلاف شکایت درج کر سکتے ہیں اب تک تقریبا پانچ ہزار افراد نے اس ایپلیکیشن کو ڈائون لوڈ کیا ہے جبکہ تقریبا چار سو ننانوے شکایات بھیجی ہیں جن پر کاروائی کا آغاز کردیا گیا ہے ۔عوام کی جانب سے پانی کی عدم فراہمی ، بجلی کی عدم دستیابی،صحت عا مہ، تعلیم، صفائی اور دیگر مسائل کی نشاندہی بھی کی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان کو گزشتہ روز محکمے کی ٹیکنیکل ٹیم نے تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محکمہ کے اس کاوش کو سراہا اور اس سسٹم کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو اس کی افادیت کے حوالے سے آگاہی مل سکے اور اپنی شکایات با آسانی اعلیٰ حکام تک پہنچا سکیں ۔ سیکرٹر ی نے کہا کہ اس حوالے سے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ بلوچستان شکایات پورٹل میں مزید بہتری لائیں تا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کا جو ویژن ہے اس کے مطابق عوام کے مسائل حل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جس نے عوامی مسائل کے حل کے لئے جدید ذرائع کو استعمال میں لانے اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے میں حائل رکاوٹیں دور کئے ہیں عوام باآسانی اس شکایت پورٹل اپلکیشن کو ڈاؤن لوڈ کرکے کسی بھی محکمے اور افسران کی جانب سے فرائض میں غفلت اور دیگر مسائل کے حوالے سے شکایات درج کرا سکتے ہیں اس کے علا وہ درج شدہ شکایات پر پیش رفت کا جائزہ لیا جاسکتا ہے صوبائی سیکرٹری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور ان کے معاون برائے وزیراعلیٰ شکایات پورٹل پرنس احمد علی اور سیکرٹری سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اسکی نگرانی کر رہے ہیں۔