سندھ کے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، اسلم غوری

June 19, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی ترجمان محمد اسلم غوری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت وفاق سے ساز باز کرکے عیاشیوںمیں مصروف ہے ، سندھ کے وسائل پرحکمرانوں کا قبضہ جبکہ عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں،عوامی مسائل کے حل کیلئے میدان میں نکل چکے ہیں ،وقف املاک بل کو مساجد کی حریت کیخلاف سازش ہے مسترد کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی پریس کلب پر سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، دیگر مقررین میں نائب امیر مولانا عبد الکریم عابد مولانا سمیع الحق سواتی ، مولانا احسان اللہ ٹکروی ، مولانا عبدالرشید نعمانی ، قاری نورالامین ، فارق سید حسن زئی، مولانا فخرالدین رازی ، مفتی علیم الحق فاروقی، مولانا اجمل شیرازی بھی شامل تھے، محمد اسلم غوری نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ،بجلی کی آنکھ مچولی نے جینا دوبھر کردیا ہے جبکہ سندھ حکومت خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے ، سندھ حکومت کی سرپرستی میں صوبے کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، لاکھوں ایکڑ کی اراضی کو کوڑیوں کےدام فروخت اور عوام کو زبردستی اپنی زرعی و آبائی زمینوں سے محروم کیا جارہا ہے۔