شیڈول بینکوں کی سرمایہ کاری میں 22 فیصد کی شرح سے اضافہ

June 19, 2021

اسلام آباد (اے پی پی)شیڈول بینکوں کی سرمایہ کاری (سٹاک) میں جاری مالی سال کے پہلے 11ماہ میں 22.34فیصدکی شرح سے بڑھوتری ریکارڈکی گئی ہے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکرمئی 2021کے اختتام تک شیڈول بینکوں کی سرمایہ کاری کاحجم 13,067,511ملین روپے ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ سال جون کے اختتام پر شیڈول بینکوں کی سرمایہ کاری کاحجم 10,681,288 ملین روپے رہاتھا۔ 11ماہ کی مدت میں شیڈول بینکوں کی سرمایہ کاری میں 22.34فیصدکی شرح سے بڑھوتری ہوئی ہے۔مئی 2021 میں شیڈول بینکوں کی سرمایہ کاری (سٹاک) میں گزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 35.86فیصد کی شرح سے اضافہ ہواہے۔ گزشتہ سال مئی میں شیڈول بینکوں کی سرمایہ کاری کاحجم 10,382,024ملین روپے ریکارڈ کیا گیا تھا جو رواں مئی میں بڑھ کر 13,067,511ملین روپے ہوگیاہے۔