مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ میں فلسطینیوں پر فائرنگ، 3 افراد زخمی

June 19, 2021

مقبوضہ بیت المقدس (جنگ نیوز )اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے جمع ہونے والے فلسطینیوں پر اسٹن گرینیڈز اور ربڑ کی گولیاں برسائیں، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔دوسری جانب کچھ افراد کو گرفتار کیے جانے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی پولیس نے نمازیوں کو مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ میں داخلے سے روکا جو ممکنہ طور پر نئی حکومت کے احکامات تھے۔ہلال احمر کی ایمرجنسی سروس کا کہنا تھا کہ دو فلسطینی ربڑ کی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے اور تیسرا پتھر لگنے سے زخمی ہوا۔فلسطینی نوجوانوں نے ردعمل میں کمپاؤنڈ کے قریب موجود پولیس اسٹیشن پر پتھراؤ کیا جنہوں نے اسٹن گرینیڈ اور ربڑ کی گولیاں برسائی تھیں۔مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ہزاروں مظاہرین ریلی نکالی جبکہ 15 جون کو یہودی نسل پرستوں کی جانب سے ریلی نکالی گئی تھی اور وہ عربوں کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔فلسطینیوں نے مارچ کے دوران چند شرکا کی جانب سے گستاخی کرنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر آنے کے بعد احتجاج کیا۔پولیس نے مارچ کے راستے میں موجود فلسطینیوں کو جبری طور پر ہٹایا تھا اور سخت سیکیورٹی فراہم کی تھی جبکہ ریلی کے شرکا نسل پرستانہ نعرے لگا رہے تھے۔اسی دوران اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر غزہ پر بمباری کی تھی اور ان کا دعویٰ تھا کہ حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔