الیکشن کمیشن کو 72 حکومتی ترامیم میں سے 45 پر اعتراضات ہیں، شیری رحمان

June 19, 2021

نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہالیکشن کمیشن نے 72 حکومتی ترامیم میں سے 45 پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان اور آئینی ادارے کے درمیان عدم اعتماد پر تشویش ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 72 حکومتی ترامیم میں سے 45 پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔ انتخابات کرانے والے ادارے نے آپ کی ترامیم کو غیرآئینی اور غیر قانونی قرار دیا ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ اداروں کے بیچ خلا اور عدم اعتماد کے ملک پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، حکومت کو الیکشن کمیشن اور اپوزیشن کے اعتراضات پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

شیری رحمان نے کہا کہ اس نہایت ہی اہم اور سنجیدہ معاملے کی طرف حکومت کی کوئی توجہ نہیں، حکومت کی ساری توجہ گالم گلوچ پر ہے، حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

پی پی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی ترامیم صرف 2023 الیکشن جیتنے کی خواہش کی عکاسی کرتی ہیں۔