افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کا تعاون کلیدی ہے، سربراہ یورپین خارجہ امور

June 19, 2021

یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کا تعاون کلیدی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹوئٹر کے ذریعے پاکستان اور یورپ کے درمیان گذشتہ روز ترکی میں ہونے والے مذاکرات اور پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے بعد کیا۔

انطالیہ ڈپلومیسی فورم کی سائیڈ لائن پر منعقد ہونے والے ان مذاکرات کے بعد اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے اس میٹنگ کے اہم نکات بیان کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ان کی پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ یورپین یونین کے تعلقات، کوویڈ-19 اور عالمی بحالی کے بارے میں اچھی گفتگو ہوئی۔

انہوں نے مزید تحریر کیا کہ ملاقات میں انسانی حقوق سے متعلق قانون سازی کے متعلق خدشات کو اٹھایا۔

اس کے ساتھ ہی یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید تحریر کیا کہ افغانستان میں امن کے عمل میں پاکستان کی مدد کلیدی ہے۔

اس موقع پر اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ اپنی اور وفد کے ساتھ تصاویر بھی شئیر کیں۔