فضل الرحمٰن اور بلاول بھٹو نے شہباز شریف کی اے پی سی بلانے کی حمایت کردی

June 19, 2021


پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کی اے پی سی بلانے کی حمایت کردی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن اور بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ متنازع حکومتی الیکشن بل پر کُل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف کو جواب دیا کہ ہم آپ کے اس اقدام کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے شہباز شریف کو جواب دیا کہ آپ کی تجویز بروقت اور مناسب ہے، اس کی تائید کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اے پی سی شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد پر قومی اتفاق رائے میں اہم موقع بن سکتی ہے۔

دوران گفتگو شہباز شریف نے مزید کہا کہ اے پی سی میں اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کی نگرانی کرنے والی مختلف تنظیموں اور اداروں کو بھی دعوت دی جائے گی، منتخب جمہوری جماعتوں کی انتخابی اصلاحات پر مشاورت اور قومی حکمت عملی ناگزیر ہے۔