سائٹ ایریا، صوبائی وزرا نے 17سڑکوں کا سنگ بنیاد رکھا

June 20, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزراءسید ناصر حسین شاہ اور جام اکرام اللہ دھاریجو نے سیمین چورنگی پر سائیٹ ایریا میں ایک ارب 3کروڑ 77لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی 17 سڑکوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر سائیٹ ایسوسی ایشن کے پیٹرن ان چیف زبیر موتی والا، پیپلز پارٹی ایم این اے قادر خان مندو خیل، ایم پی اے لیاقت آسکانی ، سابق ایم پی ندیم بھٹو،صدر ضلع جنوبی خلیل ہوت، جنرل سیکریٹری ضلع غربی احمد علی جان ، ایم ڈی سائٹ، ایم ڈی کراچی واٹر بورڈ اسد اللہ خان ودیگر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیا ت سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آج بہت اہم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ہے، جوکہ صنعت کاروں اور پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔منصوبہ میں 25کلو میٹرز سڑکیں تعمیر کی جائینگی جس پر پی سی ون کے مطابق 1037.97ملیں روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ صنعتی علاقوں کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد انفراسٹرکچر میں بہتری آئے گی، جس سے معیشت مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے لئے رواں مالی سال بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کےلئے 100 ارب مختص کئے ہیں، جبکہ عالمی بینک، ایشائی ترقیاتی بینک اور دیگرکے تعاون سے شہر میں 900 ارب روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔