سعودی عرب میں اب تک 56 لاکھ غیر قانونی تارکین گرفتار ہوچکے

June 20, 2021

ریاض (جنگ نیوز )سعودی عرب میں غیر قانونی قیام اور کام کرنے والے 56 لاکھ 15 ہزار 884 افراد کو گرفتار کیا گیا ۔

عرب میڈیا کے مطابق غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم کے تحت گرفتار کئے جانے والے مذکورہ افراد کی یہ تعداد 15 نومبر 2017 سے 15 جون 2021 تک کی ہے۔

غیر قانونی تارکین کے خلاف مشترکہ مہم کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ گرفتار شدگان میں سے 43 لاکھ 4 ہزار 206 افراد اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔

کل تعداد میں سے 802125 لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے جبکہ 509553سرحدی قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھے۔

مذکورہ عرصے کے دوران 116908 افراد کو سعودی عرب کی سرحدوں کی دراندازی کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے۔

ان میں سے 43 فیصد یمنی شہری ہیں، 54ایتھوپین جبکہ 3فیصد دیگر ممالک کے شہری ہیں۔

اسی طرح 9508 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرکے بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے تھے۔